انڈونیشیا میں تباہ کن سونامی، 281 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی

انڈونیشیا میں کراکاٹوا آتش فشاں کے قریب سمندر کے آس پاس بسنے والے رہائشیوں کو نئے سونامی کے خطرے کے پیش نظر ساحل سے دور رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

سنیچر کو جزیرہ سماترا اور جاوا پر ساحلی قصبوں سے انتہائی اونچی سمندری لہروں کے ٹکرانے کے باعث کم از کم 281 افراد ہلاک اور 1016 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ملک کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا ہے کہ سنیچر کو آنے والی سونامی کی وجہ کراکاٹوا آتش فشاں کے پھٹنے کے سبب سمندر کے اندر مٹی کے تودے گرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سونامی میں سینکڑوں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اتوار کو انک کراکاٹوا آتش فشاں میں ایک بار پھر ہلچل کے ساتھ ساتھ راکھ اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا ہے۔

جس کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے سربراہ سٹوپو پروہ نگورو نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ’محکمہ موسمیات، کلائمیٹالوجی اور جیو فیزیکل ایجنسی کی سفارشات کے تحت لوگوں کو کچھ عرصے کے لیے ساحل سے دور رہنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔‘

ایک چارٹر طیارے سے بنائی گئی ویڈیو میں آبنائے سنڈا میں پیش آنے والے اس واقعے کی شدت کو دیکھا جا سکتا ہے۔