تیسرا ٹیسٹ،پاکستان نے 229 پر 7 کیویز کو پویلین بھیج دیا

تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا پلڑا بھاری رہا،مہمان ٹیم 7 وکٹ کے نقصان پر 229 رنز بناسکی۔

ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلےجارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ڈبییو ٹیسٹ کھیلنے والے شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں پہلی وکٹ اپنے نام کی 24 اسکور پر انہوں نے 4 رنز بنانے والے لیتھم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

کھانے کے وقفے سے قبل تک یاسر شاہ نے اپنا جادو چلادیا،70 کے مجموعے پر پہلے انہوں جیت راول کو 35 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، اگلی گیند پر روس ٹیلر کو صفر
کے اسکور پر بولڈ کر دیا۔

یاسر شاہ نے تیسری وکٹ لنچ سے کچھ لمحے قبل 72 کے اسکور پر ہیری نکولس کو بولڈ کیا،وہ صرف ایک ہی رن بناسکے۔

دن کے دوسرے سیشن میں کیویز بیٹسمینوں نے وکٹ سنبھال کر رکھی،پانچویں وکٹ پر کپتان کین ولیم سن اور واٹلنگ نے 104 رنز کی زبردست شراکت قائم کی۔

176 کے اسکور پر حسن علی نے یہ شراکت توڑ دی،انہوں نے کین ولیم سن کو 89 رنز پر میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔

اہم پارٹنر شپ ٹوٹنے کے بعد ایک بار پھر پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگئی جب کولن ڈی گرانڈہوم 20 اور ٹم ساوتھی 2 رنز بناکر بلال آصف کا شکار بن گئے۔

کھیل کے پہلے دن کے اختتام پر واٹلنگ 42 اور ولیم سومرویل 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز 1،1 سے برابر ہے،گرین کیپ نے فاسٹ بولر محمد عباس کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا۔

نیوزی لینڈ نے ابوظہبی میں پاکستان کو بمشکل 4 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دبئی ٹیسٹ میں گرین کیپ نے کیویز کو ایک اننگز اور 16 رنز سے مات دی۔