باراتیوں کیلئے خوشخبری: شادی ہالوں کے اوقات کار میں 1 گھنٹہ اضافہ کی تجویز

5 Years ago

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شادی ہالوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹہ کا اضافہ کرنے سے متعلق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید اور ڈی سی لاہور صالحہ سعید سے مکالمہ ہوا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے یاد آیا، لارڈ مئیر صاحب آپ شادی ہالوں کے اوقات میں 1 گھنٹے کا اضافہ کیوں نہیں کر دیتے۔ ادھر 8 سے 10 شادی ہالوں کا وقت ہوتا ہے اور ادھر ٹریفک جام ہوتا ہے۔ خواتین گوٹے والے لباس پہن کر جتن کرتی ہیں اور ٹریفک میں پھنسی رہتی ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ لاہور میں لوگ ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں جب پہنچتے ہیں تو ہالوں کی بتیاں بند ہو جاتی ہیں۔ شادی کی تقریب کے اوقات میں پیچھے سے 1 گھنٹہ کم اور آگے ایک گھنٹہ بڑھا دیں۔ لارڈ مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے کہا کہ شادی کی تقریب کے اوقات میں تبدیلی کا اختیار بھی ڈی سی لاہور کا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ڈی سی لاہور صالحہ سعید سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹا آپ اس پر غور کریں اور شادی ہالوں کے اوقات میں 1 گھنٹہ بڑھا دیں۔