بھارت عالمی اداروں کو کشمیر میں مظالم کی تحقیقات کی اجازت دے: پاکستانمقبوضہ

بھارت عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تحقیقات کی ازت دے: پاکستان

پاکستان نے بھارت پرزور دیا ہے کہ وہ عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر مظالم کی تحقیقات کی اجازت دے۔



آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں بے گناہ کشمیریوں پر اپنے جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کےلئے کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہاہے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے بارے میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کی صورتحال کی نگرانی کرنے دے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کوخطوط بھی لکھے ہیں جبکہ کشمیر کے بارے میں رابطہ گروپ کااجلاس بھی جلد ہوگا۔

متحدہ عرب امارات میں طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات سے متعلق ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کے لئے اجتماعی ذمہ داری اور اپنی حمایت کی تجدید کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہمارے اس کردار کو بھرپورانداز میں سراہاگیا ہے۔

سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ وہاں اڑتالیس پاکستانی قید ہیں جنہیں سزائیں سنائی گئی ہیں اور وہ اپنی سزائیں مکمل کررہے ہیں ، سری لنکا حکام کی جانب سے اب ان کی تصدیق کی جارہی ہے اور تصدیق کاعمل مکمل ہونے کے بعد انہیں پاکستان بھجوادیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سفارتکاروں کی کانفرنس اس ماہ کی 27 تاریخ کو اسلام آباد میں ہوگی۔

ترجمان نے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی ان خبروں کو بھی مسترد کردیا ہے جن میں چین میں پاکستانی خواتین کے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 44 خواتین تھیں جن میں سے چھ کو پاکستان بھجوا دیا گیا ہے تین خواتین سے تحقیقات کی جارہی ہیں 23 کو آزاد کردیاگیا ہے اور وہ Xinjiang میں رہائش پذیر ہیں جبکہ آٹھ رضا کارانہ طور پر چین میں زیر تربیت ہیں۔