عزیز آباد سے برآمد کئے جانے والا اسلحہ سخت سیکیورٹی میں فوج کے حوالے کردیا


کراچی پولیس نے گزشتہ روز عزیزآباد سے برآمد کئے جانے والا اسلحہ سخت سیکیورٹی میں فوج کے حوالے کردیا ۔

گزشتہ روز عزیزآباد کے علاقے سے مکان کی پانی کے ٹینک سے برآمد ہونے والا اسلحہ سینٹرل آرڈننس ڈپو میں منتقل کر دیا گیااسلحہ سخت سیکیورٹی میں پولیس ٹرکوں اور موبائلوں کے ذریعے منتقل کیا گیا ۔

گذشتہ روز کراچی پولیس نے شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا اسلحے کا ذخیرہ پکڑا اسلحے میں اینٹی ایئرکرافٹ گن،راکٹ لانچر،ایس ایم جی،ایل ایم جی،جی تھری،ہزاروں گولیاں اور دستی بم شامل تھے ۔

اسلحہ عزیز آباد میں واقع مکان نمبر آر آٹھ سوچوبیس سے برآمد ہوا جو نعیم اللہ نامی شخص کا ہے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اسلحے کی خریداری کا ذمہ دار لندن میں مقیم افراد، را اور ساؤتھ افریقا نیٹ ورک کو قرار دیا تھا۔

ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑک نے ابتک نیوز کو بتایا کہ پولیس کے پاس خطرناک اسلحہ رکھنے کیلے محفوظ مال خانہ موجود نہیں جس کے باعث اسلحے کو پاک آرمی کے پاس رضاکارانہ طور پر رکھوایا گیا ہےعدالت کے طلب کرنے پر پاک فوج سے اسلحہ واپس لایا جائے گا۔