عابد علی کی ون ڈے ڈیبیو پر شاندار سنچری، آسٹریلوی ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔

دبئی میں کھیلے جا رہے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا لیکن شان مسعود پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان حارث سہیل کی صورت میں ہوا جو 25 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر گلین میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عابد علی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہمراہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

عابد علی نے اپنے ون ڈے کیرئیر کے پہلے ہی میچ میں 8 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا لیکن ایرون فنچ 17 رنز بنا کر محمد حسنین گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

شان مارش، پیٹر ہینڈس کومب اور اسٹونس بھی یکے بعد دیگرے جلد ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ عثمان خواجہ نے 62 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

پانچ کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیرے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

میکسویل 98 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ کیرے نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شعیب ملک کے انجرڈ ہونے کے باعث قومی ٹیم کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں۔