کراچی: چنگچی رکشوں کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے سندھ حکومت کے اقدامات

سندھ حکومت نے چنگچی رکشوں کا کرایہ مقرر کرنے کیلئے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی، سمری میں 6 کلو میٹر کا کرایہ 10 سے 15 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں غیر رجسٹرڈ چنگچی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،چنگچی رکشہ ڈرائیور رجسٹرڈ ہونے کے بعد کرایہ نامہ آویزاں کرنے کا پابند ہوگا۔

وزیرٹرانسپورٹ اویس قادرشاہ نے کہا کہ کراچی میں غیر رجسٹرڈ چنگچی رکشہ کے خلاف کریک ڈاؤن تاحال جاری ہے اور 275 چنگچی رکشوں کیخلاف کارروائی کرکے بند کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چنگچی رکشوں کیخلاف کارروائی کے دوران 22 لاکھ روپے حکومت کے خزانے میں جمع ہوئے ہیں۔

اویس قادر شاہ نے بتایا کہ چنگچی رکشہ رجسٹرڈ ہونے کہ بعد ان کو کرائے کی پرچی رکشہ پر آویزاں کرنی پڑے گی۔ چنگچی رکشہ جو رجسٹرڈ نہیں کروائے گا اس کی گاڑی ضبط کی جائے گی اور اسے جرمانہ بھرنا پڑے گا۔