کوشش ہے ایشیا کپ کا انعقاد پاکستان میں کریں، چیئرمین پی سی بی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر خوشی کا کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ 2020 کے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کا ہی حق تھا، بھارت نے میزبانی پاکستان کو دینے کی مکمل حمایت کی، بھارتی میڈیا میں آنے والی خبریں پتہ نہیں کس بنیاد پر سامنے آرہی ہیں۔

احسان مانی نے مزید کہا کہ بھارت نے ایونٹ کے وینیو منتخب کرنے کا اختیار پاکستان کو دینے کی بھی حمایت کی ہے، کوشش ہے ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں کریں، وینیو کے فیصلے کا اختیار پاکستان کے پاس ہے۔


ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

گزشتہ دنوں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا البتہ میچز کہاں کہاں ہوں گے اس کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصہ پہلے کیا جائے گا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر 2020 میں منعقد کیا جائے گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور ایک ٹورنامنٹ 50 اوور اور اگلا 20 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے۔

رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 50 اوورز کے فارمیٹ کے تحت متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ٹورنامنٹ پہلے بھارت میں ہونا تھا تاہم بھارت نے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔

اس کے بعد اپریل 2018 میں پاکستان نے بھارت میں جا کر کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے گئی تھی۔