بیرون ملک سے بغیر ٹیکس دو موبائل فون لانے کی اجازت کا امکان

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کو ہر سال بغیر ٹیکس 2 موبائل فون لانے کی اجازت ملنے اور اسمارٹ فونز پر ٹیکس میں کمی کا امکان ہے۔

گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے بیرون ملک سے ایک سے موبائل فون لانے پر ٹیکس عائد کیا تھا جس پر سوشل میڈیا پر تنقیدکا نشانہ بنایا گیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی اپنی ٹوئٹ میں موبائل فون پر ٹیکس کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'اوورسیز پاکستانی فون لا سکتے ہیں لیکن ایک سے زیادہ فون پر ٹیکس ہے، ہم دو ارب ڈالر کے موبائل درآمد کر رہے ہیں اس پر ٹیکس نہیں کریں گے تو کیسے چلے گا؟'

انہوں نے کہا تھا کہ '60 ڈالر سے کم قیمت کے فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے، مہنگے فون پر 38 فیصد ٹیکس ہے، اس سے زیادہ مناسب ٹیکسیشن کیا ہوگی۔ ٹیکس کلچر اپنانا ہوگا۔'

وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری کی ٹیکس میں کمی کی درخواست
وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستان زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت کی جانب سے ٹیکس ہٹانے کا عندیہ دیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر سے درخواست کی ہے کہ موبائل فون پر ٹیکس کو کم سے کم کیا جائے اور بغیر ٹیکس کے 2 فون لانے کی اجازت دی جائے۔

زلفی بخاری کی درخواست کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون لانے پر ٹیکس کی کمی اور بغیر ڈیوٹی 2 فون لانے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔