موبائل سے رابطہ توڑیں اور پائیں ایک لاکھ ڈالر

کیا آپ ایک بھی دن موبائل فون کے بغیر رہ سکتے ہیں۔ یقیناً بہت سی تاویلوں کے بعد آپ کا جواب نا میں ہو گا۔ اگر یہ کہا جائے کہ موبائل کے بغیر، وہ بھی پورے ایک سال رہنے پر آپ کو ملیں گے ایک لاکھ ڈالر، تو آپ کیا جواب کیا ہو گا؟

جواب سوچیں اور ساتھ ہی اس خبر کی تفصیل بھی پڑھ لیں۔

مشروبات کی ایک معروف کمپنی نے حال ہی میں اپنی نوعیت کے ایک انوکھے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔

مقابلہ یہ ہے کہ اپنے موبائل فون اور ٹیبلیٹس کو چھوڑنا ہو گا، وہ بھی پورے ایک سال کے لیے اور انعام میں ملے گی ایک ٹھیک ٹھاک بڑی رقم۔

یہ بے شک ایک مشکل کام نا ہوتا اگر آج سے کافی عرصے پہلے کرنا ہوتا لیکن آج کے دور میں موبائل فون کے بغیر ایک لمحہ گزارنا بھی مشکل ہے۔ اب وجوہات چاہے جو بھی ہوں۔

مشروبات کی ایک معروف کمپنی نے اس مشکل کام کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش کر دی ہے۔

وٹامن واٹر نامی کمپنی کی جانب سے نو فون فار آ ائیر کے ہیش ٹیگ کا چلینج متعارف کرایا گیا ہے جسے قبول کرنے والے کو 365 دن یعنی پورا ایک سال موبائل فون کے بغیر رہنا ہو گا۔

ان شرائط کو قبول کرنے والے کو نہ صرف ایک سال تک اپنے موبائل فون اور ٹیبلیٹ کے استعمال سے پرہیز کرنا ہو گا بلکہ وہ کسی اور کا سیٹ بھی استعمال نہیں کر سکے گا۔

اس مقابلے میں شرکت کرنے والے کو ایک معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے جس میں یہ ایک سال کا دورانیہ بغیر موبائل فون کے طے کرنا ہو گا۔ اور ان سخت شرائط پر پورا اترنے والے کو ایک لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔