حکومت نے گناہ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا


فون ٹیکس، ٹول ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے بعد حکومت نے اب گناہ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا، صبح، دوپہر، شام سگریٹ سلگا کر اپنا خون اور دوسروں کے دل جلانے والوں کو سزا ملے گی۔

حکومت نے سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر برائے ہیلتھ سروسز عامر کیانی نے بتایا کہ سگریٹ پیکٹ پر 5 سے 15 روپے ٹیکس عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے، تمباکو اور سگریٹ پر گناہ ٹیکس کا بل جلد اسمبلی میں لائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 4 ارب سے زائد سگریٹ پیکٹ فروخت ہوتے ہیں، ٹیکس نافذ ہونے سے سالانہ اربوں روپے آمدن ہوگی، سارا پیسہ صحت کے شعبے میں خرچ کیا جائے گا۔

گناہ ٹیکس نافذ ہونے کی خبر سن کر سگریٹ پینے والوں میں بے چینی پھیل گئی، تاہم کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ عمران خان نے یہ فیصلہ کرکے ثابت کردیا کہ ’’ریاست ہوگی ماں کے جیسی‘‘۔