حکومت مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لینے والے رضاکار اداروں کی سرپرستی کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لینے والے رضاکار اداروں کی سرپرستی کرے گی اور ان اداروں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا، بلوچستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن لڑکیوں کی شخصیت سازی اور ا ن کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے جس کے پیش نظر حکومت نے ایسوسی ایشن کی سالانہ گرانٹ کو پندرہ ملین سے بڑھا کر پچاس ملین روپے کردیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان گرلز گائیڈ کی صدر بیگم حسن بلوچ کو پچاس ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ کا چیک دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سور اور صوبائی وزراءبھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ بلوچستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کو ضلعوں کی سطح پر وسعت دے کر صوبے کی بچیوںاس تحریک میں شامل کیا جائے تاکہ وہ بھی ایسوسی ایشن کے تحت جاری تعمیری سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں، ایسوسی ایشن کی صدر نے گرانٹ ان ایڈ کے اضافہ پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کی خواہش کی روشنی میں ایسوسی ایشن کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی، انہوں نے وزیراعلیٰ کو گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، وزیرااعلیٰ نے کہا کہ وہ جلد ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔