نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کر لی

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 فروری 2019ء) : نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب کراچی نے اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کو گرفتار کر لیا ہے۔ آغا سراج درانی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔آغا سراج درانی کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کیا جائے گا۔
نیب کی جانب سے راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد آغا سراج درانی کو کراچی منتقل کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی پر آمدن سے زائد اثاثوں اور سرکاری خزانے میں خوردبرد کا کیس ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کے وارنٹ پر دستخط کیے تھے۔ نیب کراچی نے آغا سراج درانی کوکئی مرتبہ طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، جس کے بعد نیب کراچی کی ٹیم نے آغا سراج درانی کی گرفتاری کے لئے چیئرمین نیب سے منظوری لی تھی۔

یاد رہے کہ اپریل 2018ء میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی چھان بین ہوگی۔ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف تین انکوائریز کا حکم دیا گیا تھا، جن میں آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ایم پی اے ہاسٹل سمیت سندھ اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن شامل ہیں۔