ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ،سکیورٹی گارڈ جاں بحق

ملتان ( 92 نیوز) ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس میں رات کے اندھیرے میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی ، جس سے 53 سالہ سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گیا۔ ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم مشین توڑ دی جبکہ اہم ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے، واقعہ کے خلاف ایم ڈی اے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

ملتان میں ڈاکو دیواریں پھلانگ کر ایم ڈی اے کے دفترمیں گھسے اور فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ خلیل کو قتل کر دیا جبکہ نائب قاصد غلام شبیر اور سکیورٹی گارڈ منصور کو رسیوں سے باندھ دیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے دفتر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا رخ بھی تبدیل کر دیا جبکہ اے ٹی ایم مشین توڑ کر رقم لوٹ لی ، ایم ڈی اے کا اہم ریکارڈ بھی غائب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعہ کے خلاف ایم ڈی اے ملازمین کی ہڑتال، احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، ملازمین نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھی کے قاتلوں کا فوری سراغ لگایا جائے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے، دوسری جانب آئی جی پنجاب نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔